خبرنامہ

گذشتہ مالی سال کے دوران زرعی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 38 فیصد اضافہ

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) گذشتہ مالی سال 2017-18ء کے دوران زرعی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 38 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور دوران سال شعبہ کو 972.6 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2016-17ء کے دوران زرعی شعبہ کو مقررہ ہدف کے 97 فیصد کے مساوی قرضے جاری کئے گئے تھے۔ رواں مالی سال 2018-19ء کیلئے شعبہ کے قرضوں کا ہدف 1250 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق گذشتہ پانچ سال میں مالی سال 2013ء تا 2018ء کے دوران زرعی شعبہ کو فراہم کردہ قرضوں میں سالانہ اوسطاً 19.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ قرضوں کی فراہمی میں تقریباً 3 گنا اضافہ ہوا ہے اور مالی سال 2013ء کے دوران زرعی شعبہ کو فراہم کردہ قرضہ جات 336 ارب روپے رہے تھے جو5سال کے دوران 972.6 ارب روپے تک بڑھ گئے ہیں جبکہ زرعی شعبہ سے منسلک قرض حاصل کرنے والے صارفین کی تعداد 37 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔