خبرنامہ

گذشتہ مالی سال 2018ء کے دوران سیمنٹ کی مقامی صنعت کے بعداز ٹیکس منافع میں 4 فیصد کی کمی واقع ہونے سے شعبہ کا منافع 56 ہزار 881 ملین روپے تک کم

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) گذشتہ مالی سال 2018ء کے دوران سیمنٹ کی مقامی صنعت کے بعداز ٹیکس منافع میں 4 فیصد کی کمی واقع ہونے سے شعبہ کا منافع 56 ہزار 881 ملین روپے تک کم ہو گیا جبکہ مالی سال 2017ء کے دوران سیمنٹ انڈسٹری نے 59 ہزار 191 ملین روپے کا بعداز ٹیکس منافع کمایا تھا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2018ء کے دوران سیمنٹ کی مقامی صنعت میں سے اٹک سیمنٹ کے خالص منافع میں سب سے زیادہ 45 فیصد کا اضافہ ہوا اور کمپنی کا بعداز ٹیکس منافع 3034 ملین روپے کے مقابلہ میں 4400 ملین روپے تک بڑھ گیا جبکہ فوجی سیمنٹ کا خالص نفع دوران سال 31 فیصد تک بڑھنے سے 2613 ملین روپے کے مقابلہ میں 3429 ملین روپے تک بڑھ گیا جبکہ ڈی جی خان سیمنٹ نے گذشتہ مالی سال کے دوران 11 فیصد زائد خالص نفع کمایا اور کمپنی کا بعداز ٹیکس منافع 7975 ملین روپے کے مقابلہ میں 8838 ملین روپے تک بڑھا ہے۔ پی ایس ایکس کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2017ء کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2018ء کے دوران پائینیئر سیمنٹ کے خالص منافع میں 44 فیصد کمی سے کمپنی کا منافع 2918 ملین روپے کے مقابلہ میں 1644 ملین روپے تک کم ہو گیا جبکہ فیکٹو سیمنٹ کے بعداز ٹیکس منافع میں 42 فیصد کی کمی سے کمپنی کا بعداز ٹیکس منافع 761 ملین روپے کے مقابلہ میں 442 ملین روپے اور ٹھٹھہ سیمنٹ کا خالص نفع39 فیصد کی کمی سے 582 ملین روپے کے مقابلہ میں 357 ملین روپے تک کم ہو گیا۔