خبرنامہ

گلگت بلتستان کے ضلع خپلو میں 16.35 ملین روپے کی لاگت سے پائیدار ترقی کیلئے منصوبہ کا آغاز،کوکاکولا فاؤنڈیشن

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن)کوکاکولا فاؤنڈیشن ’’نیو ورلڈ پروگرام‘‘ کے تیسرے مرحلہ میں گلگت بلتستان کے ضلع خپلو میں 16.35 ملین روپے کی لاگت سے پائیدار ترقی کیلئے منصوبہ کا آغاز کر رہی ہے۔ پانی کی فراہمی کے اس منصوبہ سے سالانہ 3.85 ارب لیٹر پانی کو ذخیرہ کرکے آبپاشی کے مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا جس سے ضلع خپلو میں 253 ہیکٹر زمین کو سیراب کرنے میں مدد ملے گی۔ کوکا کولا فاؤنڈیشن یہ منصوبہ ماؤنٹین اینڈ گلیشیئر پروٹیکشن آرگنائزیشن (ایم جی پی او)، اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ (یو این ڈی پی) سمیت دیگر شراکتداروں کی مالی اور تکنیکی معاونت سے مکمل کر ے گی۔ ایم جی پی او کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عائشہ خان نے کہا ہے کہ منصوبہ کی مجموعی لاگت میں سے 13.2 ملین روپے کوکاکولا فاؤنڈیشن فراہم کرے گی جبکہ مقامی آبادی لیبر اور دیگر خدمات کی مد میں 3.157 ملین روپے کا حصہ ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی منصوبہ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کی تکمیل سے علاقہ میں انسانی وسائل کے شعبہ کی پائیدار ترقی میں مدد ملے گی۔