خبرنامہ

ہنڈائی موٹر کمپنی مقامی ٹیکسٹائل فرم نشاط ملز کے اشتراک سے پاکستان میں کار اسمبلنگ کا پلانٹ لگائے گی

اسلام آباد ۔ 03 فروری (اے پی پی) ہنڈائی موٹر کمپنی مقامی ٹیکسٹائل فرم نشاط ملز کے اشتراک سے پاکستان میں کار اسمبلنگ کا پلانٹ لگائے گی، اس کی تصدیق نشاط ملز کے ایک ذمہ دار افسر نہ کر دی ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کار سازی کی مارکیٹ جس پر جاپانی کمپنیوں ٹویوٹا، ہنڈا اور سوزوکی کا غلبہ ہے، ہنڈائی کی آمد سے اس مارکیٹ میں ہلچل پیدا ہو گی اور ان کی اجارہ داری کمزور ہوگی۔ ہنڈائی اور جنوبی کوریا کی ’’کیا موٹر‘‘ 2004ء تک پاکستان میں کار اسمبلنگ کرتی رہی ہیں لیکن ان کے مقامی پارٹنر دیوان فاروق موٹرز کی علیحدگی کے بعد ان کا کارسازی کا منصوبہ ٹھپ ہو گیا، ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ہنڈائی موٹر کمپنی پاکستان میں کتنی سرمایہ کاری کرے گی۔یاد رہے کہ نشاط ملز نشاط گروپ کا ذیلی ادارہ ہے جس نے بنک، ٹیکسٹائل، توانائی اور سیمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ نشاط ملز کمپنی کے سیکرٹری خالد چوہان نے کہا ہے کہ ہمارے گروپ نے ہنڈائی کمپنی کے ساتھ مفاہمی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ہم مسافر اور کمرشل گاڑیاں اسمبل اور ان کی فروخت کریں گے۔ نشاط ملز نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو اپنا ایک بیان بھجوایا ہے کہ قانونی ضابطوں کی تکمیل کے بعد اس ’’ڈیل‘‘ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ گزشتہ سال فرانسیسی کارساز کمپنی رینالٹ نے پاکستان میں ایک نئی فیکٹری لگانے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ جنوبی کوریا کی کار ساز کمپنی ’’کیا موٹرز‘‘ نے بھی کہا تھا کہ وہ لکی سیمنٹ کے اشتراک سے کار اسمبلنگ کا منصوبہ شروع کرے گی۔ حکومت کو یقین ہے کہ کار سازی کے میدان میں مقابلہ کی صورت میں مقامی طور پر کار کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی، حکومت کار ساز کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے مارچ میں نئی آٹو پالیسی کا اعلان بھی کرے گی۔