خبرنامہ

50 لاکھ گھروں کی تعمیرکےلئےہرسال وفاقی بجٹ میں2تا3کھرب روپےمختص کرناہوں گے

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ہاؤسنگ سیکٹر کے مسائل اور گھروں کی قلت کے مسئلہ پر قابو پا کر عوام کو معیاری اور سستے گھروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہاؤسنگ سیکٹر کے ماہرین نے کہا ہے کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سالانہ 2 تا 3 کھرب روپے کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہزار مربع فٹ کے گھر کی تعمیر پر 20 تا 30 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا جائے تو ہر سال وفاقی بجٹ میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے 2 تا 3 کھرب روپے کا بجٹ مختص کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لئے بجٹ مختص کرکے ہی حکومت اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کو عملی جامہ پہنا سکے گی۔