لاہور:(ملت+اے پی پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے الوداعی دوروں کا آغاز کردیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور سے اپنے الوداعی دوروں کا آغاز کر دیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور گیریژن ون میں پاک فوج اور رینجرز کے افسران اور جوانوں سے خطاب کیا اور جوانوں سے گلے بھی ملے۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام اوراستحکام آسان کام نہیں تھا لیکن ہماری قربانیوں اور مشترکہ قومی عزم نے ملک کے خلاف تمام مشکلات پر قابو پانے میں مدد کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کراچی، پشاور اور کوئٹہ کا دورہ بھی کریں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت رواں ماہ 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے میڈیا پر مختلف خبریں زیر گردش رہی ہیں لیکن ڈی جی آئی ایس پی آر کی خبر نے اس قسم کی تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔