خبرنامہ

آصف زرداری نے نواز شریف کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کردیا

آصف زرداری نے نواز شریف کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کردیا

لاہور(ملت آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ شریف خاندان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔

شریف خاندان کے خلاف سپریم کورٹ نے مقدمات بنائے ہیں لیکن ہم نے تو سیف الرحمان کے احتساب بیورو کا احتساب بھی برداشت کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے گرفتار کیا جاتا، جیل بھیجا جاتا اور پھر کیس ڈھونڈے جاتے تھے۔

شریف فیملی کا فرد ہو تو ایک دن میں ضمانت ہوجاتی ہے جب کہ ہمارے لوگوں کی ڈھائی سال بعد ضمانت ہوتی ہے، یہ کیسا احتساب ہے؟

چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جب تک برابری کی بنیاد پر احتساب نہیں ہوگا ہم نہیں مانیں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ گاڈ فادر لندن میں بیٹھ کر ہمیں مفاہمت کے خفیہ پیغامات بھیجتا ہے لیکن مومن ایک سوراخ سے دو بار ڈسا نہیں جاتا اس لئے ہم نے مفاہمت کے تمام پیغامات مسترد کردیے ہیں۔

چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف اب نہ وزیراعظم ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی حکومتی عہدہ ہے، مغل بادشاہ کو پتا ہونا چاہیے کہ قوم ان کے چنگل سے آزادی چاہتی ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ سسیلین مافیا صرف پاورگیم ہی نہیں کرتا تھا بلکہ اور بھی ہزاروں غلط کام کرتا تھا۔ڈر ہے کہیں نوازشریف اور ان کے ساتھی بھی اسی طرح کے کام نہ کر رہے ہوں۔

انہوں نے قوم سے اپیل کہ وہ سسلین مافیا سے متعلق ضرور پڑھیں، اگر نواز شریف نے ایسا کچھ کیا تو قوم ان کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیواربن جائے گی۔