خبرنامہ

آپریشن ضرب عضب میں مشترکہ تعاون سے کامیابیاں ملیں، سربراہ پاک فوج

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ائرہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا جہاں ائر چیف مارشل سہیل امان نے ان کا استقبال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ائر ہیڈ کوارٹر ز کاالوداعی دورہ کیا، ائرچیف مارشل سہیل امان نے ائرہیڈکواٹرزآمد پرآرمی چیف کااستقبال کیا، ائرچیف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا، آرمی چیف کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈ پیش کیا جب کہ آرمی چیف نے تینوں مسلح افواج کے مابین تعاون اور ہم آہنگی کو سراہا۔ دورے کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں مشترکہ تعاون سے کامیابیاں ملیں، مسلح افواج میں تعاون قابل تعریف ہے اور فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی بہترین نگہبان ہے، پاک فضائیہ نے ملکی فضائی سرحدوں کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔