رائے ونڈ: (ملت آن لائن) ڈان لیکس کے معاملے کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کے سلسلے میں گزشتہ روز وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک ٹویٹ کے ذریعے اسے مسترد کئے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیلئے آج جاتی امراء میں حکومت کے بڑوں کی بیٹھک ہوئی جو اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی۔ اس معاملے پر مشاورت کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر چودھری نثار، اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد بھی رائے ونڈ پہنچے جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پہلے سے موجود تھے اور یہ تمام بڑے سر جوڑ کر معاملے کا حل تلاش کرنے میں مصروف رہے۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تمام ادارے ملکی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں، محاذ آرائی کسی بھی طور ملکی مفاد میں نہیں، کسی فریق کو ڈان لیکس رپورٹ پر اعتراض ہے تو نظر ثانی شدہ نوٹیفکیشن جاری کرنے میں کوئی ہرج نہیں تاہم تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت ضروری ہے۔ اجلاس میں پانامہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔