خبرنامہ

افغانستان ، 2امریکی ڈرون حملوں میں 8شدت پسند ہلاک ،3زخمی

کابل(ملت +آئی این پی )افغانستان میں 2امریکی ڈرون حملوں میں 8شدت پسند ہلاک اور 3زخمی ہوگئے ۔افغان میڈیاکے مطابق پاک افغان بارڈر پر افغان صوبہ خوست میں امریکی ڈرون حملے میں 4افراد ہلاک ہوگئے ۔ڈرون حملہ صوبہ خوست کے ضلع علیشیر میں کیا گیا ۔ادھر مشرقی صوبہ ننگرہا رمیں کیے جانے والے ڈرون حملے میں داعش کے 4شدت پسند ہلاک اور 3دیگر زخمی ہوگئے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرون حملہ ضلع ہیسکا مینا میں کیا گیا ۔اس سے قبل گزشتہ روز ضلع آچن میں کیے جانے والے ڈرون حملے میں داعش کا سینئر رہنما شاہد عمر ہلاک او ر 2جنگجو زخمی ہوگئے تھے ۔یاد رہے کہ ننگرہا ر صوبہ داعش کا گڑھ سمجھا جاتا ہے جہاں امریکی اور افغان فورسز جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کیلئے مسلسل کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔