خبرنامہ

افغانستان میں امریکی ایئربیس کے قریب فائرنگ سے 8 سیکیورٹی گارڈ ہلاک

کابل(ملت آن لائن)افغانستان میں امریکا کے زیرانتظام بگرام ایئربیس کے قریب فائرنگ سے 8 افغان سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبہ پروان میں مسلح افراد نے امریکا کے زیرانتظام بگرام ایئربیس پر ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ صبح فرائض کی انجام دہی کے لئے آرہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 8 سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
صوبائی گورنر کی ترجمان واحدہ شاکر کے مطابق 10 سیکیورٹی گارڈ معمول کے مطابق بگرام ایئربیس پر ڈیوٹی دینے جارہے تھے جنہیں بیس سے ایک کلو میٹر دور شاہ کاہ گاؤں میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب کہ 8 گارڈ موقع پر ہی ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب اب تک کسی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی تاہم ترجمان گورنر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ نومبر 2016 میں بگرام ایئربیس کے اندر خودکش حملے کے نتیجے میں 4 امریکی اہلکار ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے تھے۔