خبرنامہ

افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کے تصدیقی عمل میں 60 دن کی توسیع

افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کے تصدیقی عمل میں 60 دن کی توسیع

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز کے تصدیقی عمل میں 60 دن کی توسیع کردی۔ وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں افغان مہاجرین کیلئے شناختی کارڈز کی تصدیق میں 60 دن کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم فیس واپسی اسکیم کی کم ترقی یافتہ علاقوں تک توسیع اور پاکستان اور چین کے درمیان سال22-2018 کیلئے زرعی معاہدے کے ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کی منظوری بھی دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے سائنس، ٹیکنالوجی اور ایجادات میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے چائنیز اکیڈمی آف سائنسز اور محکمہ موسمیات پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں وزارت خارجہ اور جمہوریہ سائو تومے و پرنسپی کے درمیان باہمی مشاورت سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کے 12 دسمبر 2017ء کو ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 5 جنوری 2018ء کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وفاقی کابینہ کو بتایا کہ وزیراعظم فیس واپسی سکیم کو بلوچستان،سندھ، خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، فاٹا ، گلگت بلتسان اور آزاد جموں کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 114 اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔