خبرنامہ

الیکشن کمیشن نےقومی اسمبلی کے 251، چاروں صوبوں کے بیشتر حلقوں کے نتائج جاری کردیئے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 251، پنجاب کے 289، سندھ کے 118، خیبرپختونخوا کے 95 اور بلوچستان کے 45 حلقوں کے نتائج جاری کردیئے، جن کے مطابق قومی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف، سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) جبکہ بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کو برتری حاصل ہے۔

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی 108، مسلم لیگ (ن) 62، پیپلز پارٹی 42، 12 آزاد امیدوار، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے ) 11، پاکستان مسلم لیگ 5، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان 4، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 2 اور عوامی مسلم لیگ، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انسانیت کو ایک ایک نشست حاصل ہوئی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 19، پنجاب کے 6، سندھ کے 11،خیبرپختونخوا کے 2 اور بلوچستان کے 5 حلقوں کے نتائج جاری نہیں کیے گئے۔

عام انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ تقریباً 55 فیصد رہا تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔

پنجاب اسمبلی میں نشستوں کی صورتحال
پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اب تک کے نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 127، تحریک انصاف کو 117 اور آزاد امیدوار کو 27 نشستیں حاصل ہوئیں۔

سندھ اسمبلی کی صورتحال
سندھ میں پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ سے کامیابی حاصل کرنے والی جماعت پیپلز پارٹی کا مکمل صفایا کرنے میں ناکام رہی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج کے مطابق سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے 72، پی ٹی آئی نے 20، ایم کیو ایم نے 12 اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے 11 نشستیں جیتیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کی صورتحال
صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک بار پھر تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی 66، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) 10، عوامی نیشنل پارٹی 6 اور مسلم لیگ (ن) 5 نشستوں پر کامیاب رہی۔

بلوچستان اسمبلی کی صورتحال

بلوچستان اسمبلی کے انتخابی نتائج کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کو برتری حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) 13، ایم ایم اے 8 اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) 5 نشستوں پر کامیاب رہی۔