امریکا نے کالعدم ٹی ٹی پی سربراہ ملا فضل اللہ کےسر کی قیمت 55 کروڑ روپے مقرر کردی
واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکا نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ ملا فضل اللہ کے سر کی قیمت 55 کروڑ روپے (50 لاکھ ڈالر) مقرر کردی۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملا فضل اللہ کی گرفتاری کی معلومات دینے والے کو 50 لاکھ ڈالر روپے بطور انعام دیئے جائیں گے۔ ملا فضل اللہ کے علاوہ امریکا نے کالعدم جماعت الاحرار کے رہنما عبدالولی اور کالعدم لشکر اسلام کے رہنما منگل باغ کے سر کی قیمت بھی 33، 33 کروڑ روپے (30 لاکھ ڈالر) مقرر کردی۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ‘ٹی ٹی پی نے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے ساتھ قریبی اتحاد قائم کر رکھا ہے’ اور یہ تینوں عسکریت پسند امریکا کی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ٹی ٹی پی نے مئی 2010 میں نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں کار بم دھماکے کی کوشش کرنے والے فیصل شہزاد کو دھماکا خیز مواد بنانے کی تربیت فراہم کی تھی۔ واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کی ذمہ داری بھی کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی، جس کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔ دوسری جانب اکتوبر 2012 میں سوات میں نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی پر حملے میں بھی کالعدم ٹی ٹی پی ہی ملوث تھی۔