خبرنامہ

امریکا کو خطرہ ہوا تو شمالی کوریا کو تباہ کرسکتے ہیں، صدر ٹرمپ

امریکا کو خطرہ ہوا تو شمالی کوریا کو تباہ کرسکتے ہیں، صدر ٹرمپ

نیو یارک(ملت آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر امریکا کو خطرہ ہوا تو شمالی کوریا کو ختم کرنے کے سوا اس کے پاس کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری تجربات پوری دنیا کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی حکومت کرپٹ ہے اور اختلاقی طور پر یہ ایک ناکام ریاست ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے لیڈر کو جارحانہ رویہ ترک کرنے تک تنہا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے لیے واحد راستہ ہے کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام سے دستبردار ہو۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بعض ممالک بدترین صورت حال کی طرف جارہے ہیں، اقوام متحدہ ایسے ملکوں کے مسائل حل کرنے میں مدد کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں نے طاقت کو یکجا کیا ہوا ہے، دہشت گرد دنیا کے کونے کونے میں پھیل گئے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ بنیاد پرست اسلامی دہشت گردی کو ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ امریکی عوام کا مفاد سب سے بالاتر رکھتے ہیں، منتخب ہونے کے بعد سے اب تک حکومت نے قابل قدر کام کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے 7 ہزار ملین ڈالر امریکی فوج اور دفاع پر خرچ کیے ہیں اور جلد امریکی فوج پہلے سے زیادہ مضبوط فوج بن جائےگی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہر ملک سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنے لوگوں کے مفادات کا خیال رکھے، تمام ممالک دوسری اقوام کےحقوق کا بھی خیال رکھیں۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے یہ پہلاخطاب ہے۔