اسلام آباد:(ملت نیوز، اے پی پی) وزیراعظم نوازشریف امریکا عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کیلئے اتوار کو سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب جارہے ہیں جہاں وہ 54 ممالک کے سربراہان کی کانفرنس میں شرکت کریں گے،کانفرنس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی خطاب کریں گے،کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف دیگر اسلامی ممالک کے قائدین سے ملیں گے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات متوقع ہے،وزیراعظم نوازشریف دورے کے دوران سعودی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف مدینہ منورہ بھی جائیں گے جہاں وہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دیں گے۔