خبرنامہ

امریکی سفارت کار کو ملک سے جانے نہ دیا جائے: اسلام آباد پولیس

امریکی سفارت کار کو ملک سے جانے نہ دیا جائے: اسلام آباد پولیس

اسلام آباد میں ٹریفک اشارے کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل سوار کی حادثاتی موت میں ملوث امریکی سفارت کار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی طرف سے وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ کو لکھے گئے ایک خط میں مقدمے کی کارروائی تک امریکی سفارت کار کو ملک سے جانے نہ دیئے جانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق ایس پی سٹی سرکل احمد اقبال کے سٹاف نے بتایا ہے کہ یہ خط اس بنیاد پر لکھا گیا ہے تا کہ قانونی تقاضوں کو پورا کیا جاسکے۔

ایس پی سٹی کے مطابق اس مقدمے میں جب تک متعلقہ وزارتوں کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا تو اس وقت تک اس مقدمے پر مزید کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔

یہ حادثہ سنیچر کو اسلام آباد کی ایک شاہراہ پر پیش آیا تھا جب امریکی سفارت خانے کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار طالب علم ہلاک اور اس کا ایک ساتھی شدید زخمی ہو گئے تھے۔

حادثے کا باعث بننے والی گاڑی کو چلانے والے امریکی سفارت خانے کے فوجی اتاشی جوزف امینوئل کو موقع پر موجود ٹریفک سارجنٹ کے اصرار کے باوجود پولیس نے طبی معائنے کیے بغیر جانے دیا تھا جب کہ ان کی گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے پہنچا دیا گیا تھا۔

پاکستانی حکام نے امریکی سفارت کار کی گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں طالب علم کی ہلاکت کے واقعے پر امریکی سفیر سے احتجاج کیا تھا۔

حادثے کے بعد دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا تھا۔

میڈیا پر نشر کی جانے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک سفید کار کو اشارہ توڑ کر موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو ٹکر مارتے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے وہ دونوں اچھل کر دور جا گرے۔

امریکی سفیر نے پاکستانی حکام سے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

انھوں نے یقین دلایا تھا کہ اس معاملے میں تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے۔