خبرنامہ

انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم مقرر، صدر مملکت نے سمری منظور کرلی

انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم مقرر، صدر مملکت نے سمری منظور کرلی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم بن گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام سے متعلق مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے تقرر سے متعلق حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا، جس کے مطابق انوار الحق کاکڑ کے بطور نگراں وزیراعظم نام پر اتفاق کیا گیا۔

بعد ازاں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو ارسال کردی، جس کے کچھ ہی دیر کے بعد صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کرکے نگراں وزیراعظم کے تقرر کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت نے تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت دی۔

نگران وزیر اعظم کا 14 اگست کے روز حلف لینے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ 14 اگست کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے، اس حوالے سے تقریب 14 اگست کی دوپہر منعقد کی جائے گی۔

انوار الحق کاکڑ منسٹر انکلیو سے منتقل

نگراں وزیراعظم کی منظوری کے بعد منسٹر انکلیو میں سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کیا گیا جبکہ تعیناتی پر انوار الحق کاکڑ کو مبارک باد دینے کے لیے سیاسی رہنما بھی پہنچے جن میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی سمیت دیگر شامل ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو مشاورتی عمل میں تعاون اور 16 ماہ کے دوران بطور بہترین قائد حزب اختلاف کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا