انوار الحق کاکڑ نے حلف اٹھا لیا، وزارتوں سے بریفنگ طلب
اسلام آباد (ملت آن لائن) انوارالحق کاکڑ نے پاکستان کے آٹھویں نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر علوی نے انوارالحق کاکڑ سے نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں شہباز شریف‘ چیئرمین سینٹ‘ سپیکر قومی اسمبلی‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی‘ تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سمیت صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلیٰ‘ سابق وزرائ‘ سیاسی رہنمائوں‘ پاکستان میں متعین مختلف ملکوں کے سفیروں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ صدر نے آئین کے آرٹیکل 224 (ون اے) کے تحت ہفتہ کو انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تقرری کی منظوری دی تھی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن‘ پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم‘ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ حلف برداری کے بعد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ پی ایم ہائوس پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ انہیں مسلح فوج کے دستوں نے سلامی دی۔ قبل ازیں صادق سنجرانی نے نامزد نگران وزیراعظم سینیٹر انوارالحق کاکڑ کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی جانب سے انوارالحق کاکڑ کا استعفیٰ منظور کئے جانے کے بعد ان کی سینٹ کی نشست خالی قرار دیدی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ انوارالحق کاکڑ کی سینٹ سے نشست 14 اگست 2023ء سے خالی قرار دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انوارالحق کاکڑ نے نگران وزیراعظم بننے کے بعد غیرجانبدار رہنے کیلئے اپنی نشست سے استعفیٰ دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے شہباز شریف سے نگران وزیراعظم کی ملاقات ہوئی ہے۔ انوارالحق کاکڑ کی وزیراعظم ہائوس آمد پر شہبازشریف نے ان کا استقبال کیا اور افسروں و عملے سے تعارفی ملاقات کروائی۔ اس دوران شہبازشریف اور انوارالحق کاکڑ کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں سبکدوش ہونے پر نگران وزیراعظم نے شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا جبکہ سابق وزیراعظم نے بھی نگران وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گِیلو نے ملاقات کی ہے اور وزرات عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انوار الحق کاکڑ سے بلوچستان کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں سینیٹر سرفراز بگٹی اور میر خالد لانگو شامل تھے۔ منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد تمام وزارتوں سے اہم امور پر بریفنگ طلب کرلی۔