خبرنامہ

عید سے قبل قیامت، آئل ٹینکر الٹنے، آگ لگنے سے 149 افراد جاں بحق

بہاولپور (ملت آن لائن ) بہاولپور کے قریب احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑکنے سے 123سے زائد افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوگئے ، ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ تیل جمع کرنے کے دوران پیش آیا ۔ حادثہ کی جگہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ بہاولپور کے قریب احمد پور شرقیہ میں افسوسناک واقعہ آئل ٹینکر میں آگ بھڑکنے سے کئی افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ احمد پور شرقیہ میں جی ٹی روڈ پر تیز رفتاری کے باعث آئل ٹینکر الٹ گیا ۔ مقامی لوگ تیل جمع کرنے پہنچے تو آگ بھڑک اُٹھی اور کچھ دیر بعد ٹینکر بھی دھماکے پھٹ گیا جس کی زد میں درجنوں افراد آگئے ۔ کسی کو سنبھلنے کا موقع ملا کسی کو نہیں ، کئی افراد جل کر کوئلہ بن گئے ۔ ریسیکو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں ۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں قریب سے گذرنے والی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں ۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ کئی کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ۔حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے اور زخمیوں کو وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کر دیا گیا ۔ 120 زخمیوں کو وکٹوریہ ہسپتال میں طبی امداد کیلئے داخل کرا دیا گیا ۔ حادثے میں آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی مرنے والوں کے جسم جھلس کر ناقابل شناخت ہوگئے جن کی شناخت کیلئے ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے جائیں گے ۔ دوسری جانب ہسپتال داخل کرائے گئے افراد میں سے بیشتر کی حالت ابھی تک تشویش ناک ہے ۔ ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 123 ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور میں موجود ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان نہیں البتہ یہ ہسپتال اس نوعیت کے حادثوں کے حوالے سے نہیں بنائے گئے ۔ تاہم ہماری کوشش ہے کہ حادثے میں جتنے بھی زخمی ہیں ان کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ، انہوںنے کہا کہ 103 زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ملتان اور دیگر علاقوں میں موجود جدید ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کو علاج کی بہترین سے بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں ، انہوں نے اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں ، دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو جائے حادثہ سے ہسپتال منتقل کرنے کیلئے آرمی کے ہیلی کاپٹرز جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹینکر کراچی سے لاہور آ رہا تھا کہ اسی دوران ٹائر پھٹنے سے توازن کھو بیٹھا اور بے قابو ہو کر الٹ گیا جس سے اس میں موجود تمام پٹرول جائے وقوعہ پر پھیل گیا ، مقامی آبادی کے لوگ پٹرول اکٹھا کرنے کیلئے ڈبے ، بوتلیں اور گیلن لے کر جائے حادثہ پر پہنچے ۔ اسی دوران کسی شخص کے پھینکے ہوئے سگریٹ کے ٹکڑے سے پٹرول نے آگ پکڑ لی اور کسی بھی قسم کے اقدامات سے قبل ہی آگ نے تمام افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ حاثے کے بعد آئل ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش کیلئے کارروائی جاری ہے ۔ حادثے کے بعد تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں اور انہیں ہنگامی طور پر ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا ۔ حادثے کے بعد احمد پور شرقیہ روڈ کو آمد و رفت کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر میں 50 ہزار سے زائد پٹرول موجود تھا ،حادثے کے بعد زخمیوں کو علاج کیلئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا لیکن ہسپتالوں میں بستر کم پڑنے کی وجہ سے ایک ایک بستر پر 5،5 مریضوں کو لٹا کر ان کا علاج کیا جا رہا ہے