خبرنامہ

ایئرمارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی

ایئرمارشل

ایئرمارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) ایئر مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی، جے ایف تھنڈر سکوارڈرن نے سابق ایئر چیف سہیل امان کو سلامی دی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پیر کو ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں چینج آف کمانڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ سابق ایئر چیف سہیل امان نے نئے ایئر چیف مجاہد انور خان کو بیجز لگائے۔ ایئر چیف سہیل امان نے ایئر چیف مجاہد انور خان کو کمان کی علامتی شمشیر بھی سونپی۔ اس سے قبل ائیر چیف سہیل امان کے ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد پہنچنے پر نئے ایئر چیف مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔ ایئرچیف سہیل امان کو سلامی دی گئی جبکہ سہیل امان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں چینج آف کمانڈ کی تقریب میں اعلیٰ سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔ 23 دسمبر 1962ء کو جنم لینے والے ائیرمارشل مجاہد انور خان نے دسمبر 1983ء میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ پی اے ایف اکیڈمی سے شمشیر اعزاز، بیسٹ پائلٹ ٹرافی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے۔ وہ کمبیٹ کمانڈرسکول، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اردن، ائیروار کالج فیصل اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران ایک فائٹرسکواڈرن، ایک ٹیکٹیکل اٹیک ونگ، ایف 16 کی دو ایئر بیسز کی کمانڈ کرچکے ہیں۔ ائیر مارشل مجاہد انور خان اس وقت ڈپٹی چیف آف دی ایئرسٹاف (سپورٹ) اور ڈائریکٹر جنرل ایئرفورس سٹریٹیجک کمانڈ کے عہدوں پر فائز ہیں۔ وہ اس سے پہلے چیف آف دی ایئرسٹاف کے پرسنل سٹاف آفیسر، اسسٹنٹ چیف آف دی ایئرسٹاف (آپریشنز) اور ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ایئر مارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ میں شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا۔ پاک فضائیہ میں چینج آف کمان کی تقریب سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دینا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاک فضائیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، پاک فضائیہ کو جدید تقاضوں کے مطابق لیس کیا جا رہا ہے۔