خبرنامہ

ایران میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 328 ہو گئی، 3950 زخمی، آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری

ایران میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 328 ہو گئی، 3950 زخمی، آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری
تہران (ملت آن لائن،اے پی پی) اسلامی جمہوریہ ایران کے مغربی علاقوں خاص طور سے کرمانشاہ میں کل رات آنے والے زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات ہوئے اور اب تک 328 افراد جاں بحق اور 3950 زخمی ہوئے ہیں زلزلے کی شدت کے پیش نظر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔شدید زلزلے کے بعدآفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک 118 آفٹرشاکس ریکارڈ کئے گئے۔کرمانشاہ کے گورنر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو اطراف کے شہروں میں منتقل کیا گیا ہے۔ کرمانشاہ میں بجلی کی سپلائی معطل ہے۔ زلزلے کی وجہ سے لوگوں نے رات گھروں سے باہر گزاری۔ کرمانشاہ کے گورنر نے صوبے میں 3 روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔در یں اثنا ایران کے وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ صدرمملکت کے حکم کے مطابق فوری طور پر زلزلہ زدہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں اور درجنوں ہیلی کاپٹر امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کل رات ایران کے ایران کے مغربی علاقوں خاص طور سے کرمانشاہ اور کردستان میں رکٹر اسکیل پر 7.3 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی۔ زلزلے کے جھٹکے عراق میں بھی محسوس کئے گئے۔
حکومت پاکستان نے عراق اور ایران میں تباہ کن زلزلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری تعزیتی بیان کے مطابق عراق اور ایران کے درمیان سرحدی علاقوں میں گزشتہ شب آنے والے زلزلے سے بہت زیادہ تباہی ہوئی۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہماری دعائیں ایرانی اور عراقی بھائیوں کے ساتھ ہیں جو اس المناک آفت میں جاں بحق ہوئے ۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعابھی کی۔ بیان میں کہا گیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے ایرانی اور عراقی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔