خبرنامہ

ایس ایس پی تشدد کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست دائر

ایس ایس پی تشدد کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست دائر

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں حاضری اسے استثنیٰ اور اور بریت کے لئے درخواست دائر کرادی۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کی، اور موقع پر عمران خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور بریت کی درخواست جمع کرائی گئیں جس پر عدالت نے انہیں دونوں درخواستوں کی نقول پراسیکیوشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے، ایڈووکیٹ شاہد نسیم گوندل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فرد جرم عائد کرنے سے پہلے بریت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ‘ایک آدمی سیاسی احتجاج کرے اور اس کے خلاف کیسز بن جائیں، میرے خلاف کیسز سراسر غیر جمہوری عمل ہے’ جس پر فاضل جج نے کہا کہ کیس عدالت میں ہے اور ہم کو طریقہ کار پر عمل کرنا ہے۔ عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواستوں پر بحث کے لیے سماعت یکم مارچ کو مقرر کرلیتے ہیں جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ کیا آئندہ سماعت پر بھی ملزم کو آنا پڑےگا۔
عمران خان کی پی ٹی وی حملہ سمیت 4 مقدمات میں ضمانت منظور
عدالت نے قرار دیا کہ ابھی حاضری سے استثنیٰ نہیں ملا تو ملزم کو آنا پڑےگا جس کے بعد فاضل جج نے کیس کی سماعت 26 فروری تک کے لئے ملتوی کردی۔ عدالت نے 31 جنوری کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ایس ایس پی تشدد کیس میں آج کے لئے جبکہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں 26 فروری کے لیے طلبی کے سمن جاری کیے تھے۔ واضح رہے کہ 2014 میں اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے کے وقت پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف چار مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی وی حملہ، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت جونیجو تشدد کیس شامل ہے۔