خبرنامہ

ایل او سی پر بھارتی فائرنگ،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی طلبی

پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کرکے خاتون کو شہید کرنے پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی کے مندل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 33 سالہ پاکستانی خاتون شہید ہوگئی تھیں۔

اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے پاکستان نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کی جانب سے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو تھمایا گیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جے پی سنگھ کو تھمائے گئے احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورس کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے اور 2018 میں بھارتی فورسز 1400 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو چکی ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی سے رواں برس 30 شہری شہید ، کب کہ 121 افراد زخمی ہوئے۔