خبرنامہ

ایم کیوایم پاکستان کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان

ایم کیوایم پاکستان

ایم کیوایم پاکستان کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان

کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیوایم پاکستان نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کی قیادت میں وفد نے کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔
شیری رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی امیدوار، تحریک انصاف کے تحفظات
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیوایم نہیں چاہتی کہ پیپلزپارٹی کو سینیٹ میں ووٹ دیں لہٰذا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پیپلزپارٹی کی نامزد کردہ شیری رحمان کو ووٹ نہیں دیں گے۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام سینیٹر اپوزیشن لیڈر کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار کوووٹ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کراچی سے کشمور تک عوام پیپلزپارٹی کی بدعنوانی کا شکار ہیں، پیپلزپارٹی نے 10 برس میں صوبے کو تباہ کردیا۔
فاروق ستار سے ملنے کے لیے کسی ثالثی کی ضرورت نہیں، فیصل سبزواری
ایم کیوایم کے دونوں دھڑوں کی ثالثی سے متعلق سوال پر فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ فاروق ستار سے ملنے کے لیے کسی ثالثی کی ضرورت نہیں، یہ انہی کا دفتر ہے، ہماری خواہش رہتی ہے وہ یہاں تشریف لائیں اور ہم میڈیا کے توسط کے بجائے خود آپس میں بات کریں۔ ایم کیوایم رہنما نے مزید کہا کہ ہم آپس میں بات کررہے ہیں، خواہش ہے آج نہیں تو کل ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ جائیں اور ایسا بہت جلد ہوگا۔
ہم نے مل کر پی پی کی لوٹ کھسوٹ کو روکنا ہے، عمران اسماعیل
اس موقع گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیوایم سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی حمایت کی درخواست کی ہے، خواہش ہے کہ ایم کیوایم ہماری بات تسلیم کرے، ہم نے پی پی کی لوٹ کھسوٹ کو روکنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے اپنے امیدوار کا باضابطہ اعلان کل کرے گی۔
عمران خان نے کل اجلاس طلب کرلیا
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے کور گروپ کا اجلاس کل بنی گالہ میں طلب کرلیا جس میں سینیٹ اپوزیشن لیڈر سے متعلق لائحہ عمل طےکیا جائے گا اور لیے امیدوار کانام بھی فائنل کیا جائے گا۔ اعظم سواتی سینیٹ سیاسی جماعتوں سے رابطوں پر بریفنگ دیں گے جب کہ اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے پربھی مشاورت ہوگی۔ واضح رہےکہ سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے بعد اب پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف ایوان بالا میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کےلیے سرگرم ہیں جب کہ پیپلزپارٹی نے شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کردیا ہے۔