این اے 104 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو برتری حاصل
پشاور(ملت آن لائن)قومی اسمبلی کی نشست این اے 4 کے ضمنی انتخاب کے ابتدائی نتائج میں تحریک انصاف کے امیدوار ارباب عامر کو برتری حاصل ہے۔
پشاورمیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے 184 پولنگ اسٹیشن کے نتائج کا اعلان کردیا۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار ارباب عامر 34 ہزار 267 ووٹ لے کر پہلے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ناصر خان 18 ہزار 629 ووٹ لے کر دوسرے اور اے این پی کے خوشدل خان 17 ہزار 113 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
حلقے میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے ارباب عامر، اے این پی کے خوشدل خان، مسلم لیگ (ن) کے ناصر خان موسیٰ زئی اور پیپلز پارٹی کے اسد گلزار سمیت کل 14 امید وار میدان میں تھے۔
ضمنی انتخاب کے لیے حلقے میں 3 لاکھ 98 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 269 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے جب کہ نتائج کے لئے پہلی بار الیکٹرانک مشین کا استعمال کیا گیا۔ پولنگ کے دوران امیدواروں اور ووٹرز کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی کی گئی، لوگ کھلے عام ہتھیار لے کر پولنگ اسٹیشن میں پھرتے رہے جب کہ ووٹرز کی جانب سے موبائل فون کا بھی بھر پور استعمال کیا گیا لیکن پولنگ اسٹیشنز پر موجود عملے نے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔