خبرنامہ

این اے 120میں پولنگ، سکیورٹی سخت، کیمرے نصب

این اے 120میں پولنگ، سکیورٹی سخت، کیمرے نصب
پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ، حلقے میں کل 220 پولنگ اسٹیشن قائم، 102 مرد، 98 خواتین اور 19 مشترکہ ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 786 ،مرد ووٹرز ایک لاکھ 79 ہزار چھ سو 42 اور خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 144 ہے
لاہور(آئی این پی ،ملت آن لائن ) لاہور کے تاریخی حلقہ این اے 120 میں میدان (آج ) اتوار کوسجے گا ،مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے مقابلے میں تحریک انصاف کی یاسمین راشد اور پیپلزپارٹی کے فیصل میر میدان میں ہیں، اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، سیکیورٹی اداروں کی جانب پولنگ کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق این اے 120 لاہور میں (آج )ستمبر کو ملک کا ایک بڑا انتخابی معرکہ ہونے جا رہا ہے ہر کسی کی نظریں اس حلقے پر جمی ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کی اس خالی نشست پر مسلم لیگ(ن)کی امیدوار ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز ہیں۔ حلقے میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے حلقے میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا، ایک طرف مسلم لیگ ن کی مریم نواز تھیں تو دوسری جانب پی ٹی آئی کے عمران خان، تیسری طرف جماعتِ اسلامی کے سراج الحق تھے تو چوتھی جانب پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ تھے۔ حلقے میں کل 44 میں سے 42 امیدواروں کا ہدف اور نشانہ صرف(ن)لیگ ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 120 میں کل 220 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 102 مرد، 98 خواتین اور 19 مشترکہ ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 786 ہے۔ مرد ووٹرز ایک لاکھ 79 ہزار چھ سو 42 اور خواتین ووٹرز کی ایک لاکھ 42 ہزار 144 ہیں۔ الیکشن کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ہر پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں، جبکہ سکیورٹی کے لیے رینجرز اور فوجی اہلکاروں کی مدد حاصل ہے ۔یاد رہے کہ 2013 کے انتخابات میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 91 ہزار 683 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد 52 ہزار 354 ووٹ حاصل کرسکی تھیں۔این اے 120 کے اہم اور بڑے علاقوں میں امین پارک، کریم پارک، گنج کلاں، بلال گنج، انار کلی، گوالمنڈی، قلعہ گوجر سنگھ، مزنگ، جناح ہال، اسلام پورہ، چوہان پارک، ساندہ کلاں، موہنی روڈ، شیش محل روڈ اور بیڈن روڈ شامل ہیں۔حلقے میں پاکستان مسلم لیگ نواز اورپی ٹی آئی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔الیکشن کمیشن میں حلقے میں 100بائیو میٹرک مشینیں بھی پہنچادی گئی ہیں جو39پولنگ اسٹیشنز پر استعمال کی جائیں گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق بائیومیٹرک مشینوں کا استعمال پہلی با ر تجرباتی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے، این اے 120میں بائیو میٹرک مشینوں سے ووٹرز کی تصدیق کے عمل کا تجربہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بائیومیٹرک کا استعمال امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی رضا مندی کے بعد کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی جماعت کو کوئی بھی شک وشبہ نہ ہو۔ حلقے این اے 120کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع ہوگئی ہے ۔پریذائیڈنگ آفیسرز کو بیلٹ پیپرز اور دوسرا سامان دیدیا گیا ۔ پولنگ کے لیے بیلٹ پیپر فوج کی نگرانی میں الیکشن کمیشن کے حوالے کردیے گئے۔بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچائے جائیں گے ۔ فوجی جوان رات بھر پولنگ اسٹیشنوں پر موجود رہیں گے ۔ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ آج صبح 8بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گی ۔ پریذائیڈنگ افسران کو پولنگ کے بعد نتائج فوری جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے