ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف اور مریم نواز کی درخواست پرفیصلہ محفوظ
اسلام آباد: (ملت آن لائن) احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا، عدالت محفوظ فیصلہ ایک گھنٹے بعد سنائے گی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت کی۔ وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 7 روز کیلئے مؤخر کر دیں، ملزمان عدالت حاضر ہونا چاہتے ہیں، بیگم کلثوم نوازکی میڈیکل رپورٹ درخواست کے ساتھ موجود ہے۔ نیب نے فیصلہ مؤخر کرنے سے متعلق درخواست کی مخالفت کی اور کہا عدالت نے ملزمان کی طلبی کے نوٹسز بھی جاری کیے تھے، ملزم جان بوجھ کر عدالت نہیں آئے، ٹرائل مکمل ہے، فیصلے کیلئے تاریخ بھی مقرر تھی۔
یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کیلئے درخواستیں دائرکیں، نمائندوں کے ذریعے دائر درخواستوں میں نواز شریف اور مریم نواز نے کہا کہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے برطانیہ گئے، جہاں ان کی طبعیت زیادہ خراب ہونے پر مزید قیام کرنا پڑا، کلثوم نواز کی صحت سے متعلق آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں، لہذا ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کم از کم ایک ہفتے کے لیے موخر کر دیا جائے۔ درخواستوں کیساتھ کلثوم نواز کی دفترِ خارجہ سے تصدیق شدہ میڈکل رپورٹ بھی منسلک کی گئیں۔