اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کے معاہدے کو خفیہ رکھنے کا اعتراف کرلیا ہے۔اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا معاہدہ خفیہ رکھنا پراپرٹی ٹائیکون اور نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈیمانڈ تھی۔انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ برطانیہ میں منی لانڈرنگ نہیں بلکہ مشکوک ٹرانزیکشن کے باعث پکڑے گئے تھے، سول عدالت میں کیس چلتا تو 5 سال تک پیسے پاکستان نہیں آسکتے تھے۔ماضی میں فرح گوگی کا دفاع کرنے والے بانی پی ٹی آئی نے آج فرح گوگی سے بھی اظہار لاتعلقی کردیا، انہوں نے کہا کہ فرح گوگی تو بشریٰ بی بی کی دوست تھیں، خود ان کی فرح گوگی سے صرف تین ملاقاتیں ہوئی تھیں۔شہزاد اکبر کے بارے میں سوال پر بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر پاکستان آیا تو ائیرپورٹ سے گرفتار ہوجائے گا۔اپنی گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی نے ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھنے کا بھی عندیہ دیا۔صحافیوں سے گفتگو میں شیر افضل مروت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیر افضل ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا، ،سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر بھی متنازع بیان دیا۔شیر افضل مروت کو ملاقات کیلئے نہ بلانے کے سوال پر بانی پی ٹی آئی جواب دیے بغیر چلے گئے۔