اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بحری راستوں پر انحصار کے باعث سمندر کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ بحر ہند میں سکیورٹی کے کثیر الجہت چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کے لئے مختلف ملکوں کی بحری افواج میں تعاون ناگزیر ہے‘ پاکستان آزادانہ سمندری نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے‘ امن 17مشق اس سمت میں اہم پیش رفت ہے‘ امن کے فروغ کے لئے مشقوں میں حصہ لینے والے ملکوں کا عزم قابل تعریف ہے‘ سی پیک پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ جمعہ کو پاک بحریہ کی کثیر الملکی امن مشقوں کے آغاز پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مشقوں میں سمندر پار سے شرکت کرنے والوں کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے ہیں خوشی ہے کہ امن مشقوں کے ذریعے پاک بحریہ میری ٹائم کے شعبے میں پل کا کردار ادا کرے گی۔ خوشی ہے کہ مشرق اور مغرب سے بحری افواج ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک شروع ہونے سے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت بڑھ گئی ہے سی پیک پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بڑے منصوبے سے علاقائی اور بین العلاقائی اقتصادی مواقع فراہم کریں گے۔ اقتصادی سرگرمیوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے بحری راستوں پر انحصار بڑھ گیا ہے۔ بحری راستوں پر انحصار کے باعث سمندر کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحر ہند میں سکیورٹی کے کثیر الجہت چیلنجز ہیں سمندری دہشت گردی ‘ منشیات کی سمگلنگ اور قزاقی کے خطرات نے عالمی رخ اختیار کرلیا ہے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مختلف ملکوں کی بحری افواج میں تعاون ناگزیر ہے۔ بحیرہ عرب کی بحری سلامتی میں پاکستان اہم فریق ہے۔ پاکستان آزادانہ سمندری نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ امن 17مشق اسی سمت میں اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2007 سے پاک بحریہ کامیابی سے امن مشقوں کا انعقاد قابل تحسین ہے امن کے فروغ کے لئے مشقوں میں حصہ لینے والے ملکوں کا عزم قابل تعریف ہے۔ (ن غ)