خبرنامہ

برہان وانی کی برسی ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی قافلے پر حملہ

برہان وانی کی برسی ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی قافلے پر حملہ

سری نگر: ملت آن لائن .. مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر شہید برہان وانی کی پہلی برسی پر مکمل کرفیو نافذ ہے، جب کہ بھارتی فوجی قافلے پر حملے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

آج برہان وانی کی برسی کے موقع پر حریت کانفرنس کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر پوری وادی میں کاروبار زندگی بند ہے جب کہ فوج نے کشمیریوں کو شہید کی برسی منانے اور احتجاجی مظاہروں سے روکنے کے لیے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، یہاں تک کہ قرآن خوانی کرنے اور تعزیتی تقریب کے انعقاد کی بھی اجازت نہیں۔

ترال کے علاقے میں شہید برہان وانی کی قبر تک کو سیل کردیا گیا ہے اور قابض افواج نے کشمیریوں کو مظاہرہ کرنے پر گولی مارنے کی دھمکی دی ہے تاہم ترال کے علاقے پلوامہ میں سیکڑوں نوجوان کرفیو توڑ کر باہر نکل آئے اور اکٹھے ہوکر برہان وانی کی قبر تک مارچ کرنے کی کوشش کی۔ بھارتی فوج نے مظاہرین پر پیلٹ گنز سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی، جس کے جواب میں نہتے نوجوانوں نے پتھراؤ کیا۔ جھڑپیں مسلسل جاری ہیں جن میں متعدد نوجوان زخمی ہوگئے ہیں۔