خبرنامہ

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دھماکے سے 6 ایف سی اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دھماکے سے 6 ایف سی اہلکار شہید

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دھماکے سے 6 ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شرپسند عناصر نے فرنٹیئر کور کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے سے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ معمول کی گشت پر تھے، دھماکے کے نتیجے میں پیرا ملٹری فورس کے 6 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ دھماکے کے فوری بعد ایف سی اور لیویز اہلکاروں کی بڑی تعداد نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی پشین اسٹاپ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 8 فوجی اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید ہوئے تھے۔

…………

آزادی کے 70 سال، کراچی تا خیبر جشن ہی جشن، پورا ملک سبز رنگ میں رنگ گیا
ملک بھر میں 70 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، مساجد میں ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

لاہور: خدا کرے کہ میری ارض پاک پہ اترے وہ فصلِ گل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو۔ ملک کا 70 واں یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ ہم ارض پاک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور ہر مشکل کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام اور ترقی کیلئے دعاؤں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک بحریہ کے دستے نے مزار پر ذمہ داریاں سنبھال لیں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو سلام پیش کیا۔ کمانڈنٹ کموڈور عدنان احمد نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک فوج کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کو سلامی دی۔ گیریژن کمانڈر لاہور میجر جنرل محمد عامر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشن آزادی ملی جذبے اور دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے اور پرچم کشائی کی تقاریب بھی ہو رہی ہیں۔