خبرنامہ

بھارتی فورسز کے ہاتھوں 17 شہادتیں، مقبوضہ کشمیر میں آج بھی ہڑتال

بھارتی فورسز کے ہاتھوں 17 شہادتیں، مقبوضہ کشمیر میں آج بھی ہڑتال

سری نگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی سفاکانہ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 17 کشمیریوں کی شہادت اور 100 سے زائد کے زخمی ہونے کے بعد حریت قیادت کی کال پر وادی میں آج بھی مکمل ہڑتال ہے۔ ان واقعات میں 3 بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔ بھارتی بربریت کے خلاف وادی میں آج بھی ہڑتال ہے جبکہ شوپیاں میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد اور شوپیاں میں سرچ آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کیا، بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 17 کشمیری نوجوان شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب کشمیری نوجوانوں کے قتل پر حریت قیادت نے 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ پاکستان کی شدید مذمت
مقبوضہ کشمیر میں بدترین بھارتی دہشت گردی پر پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔
بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے نوجوان کشمیری نسل ختم کرنے کے درپے ہے، خواجہ آصف وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کشمیر کو خون میں نہلا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیر کی نوجوان نسل ختم کرنے کے در پے ہے لیکن پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی بھارتی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائے، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو
دوسری جانب کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے میڈیا سے گفتگو میں مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بےگناہ شہریوں پر بھارتی بربریت قابل مذمت ہے۔ علی رضا سید نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔