خبرنامہ

بھارت جوابی کارروائی میں ہونیوالا‌ اپنا جانی نقصان چھپا رہا ہے، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر

مظفر آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا گیا اور جوابی کارروائی میں بھارت کا جانی نقصان بھی ہوا۔

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کو متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کرایا اور باغ سر کے علاقے میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بھرپور طریقے سے جواب دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا جانی نقصان بھی ہوا لیکن معلوم نہیں کہ بھارت اپنا نقصان کیوں چھپا رہا ہے۔

بھارتی فوجی کی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی علاقے میں گرفتاری کے حوالے سے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ کوئی بھارتی فوجی اگر راستہ بھول کر اس طرف آیا ہے تو اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں تاہم اگر کوئی فوجی آیا ہوتا تو سب کو نظر آتا۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھمبھر کے علاقے میں چھمپ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔