خبرنامہ

بھارت میں کار بم دھماکے میں 6افرا دہلاک، 15زخمی ،تحقیقات شروع

مقامی سیاستدانوں نے دھماکے سے کچھ دیر قبل کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی
چندی گڑھ(ملت +آئی این پی) بھارت میں کار بم دھماکے میں 6افرا دہلاک اور 15زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکہ بٹنڈا شہر میں ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکا رات 8 بجکر 45 منٹ پر ایک کار میں ہوا۔ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ فوری طور پر واقعے میں دہشت گردی کے امکان اور آئی ای ڈی نصب ہونے کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے سے کچھ قبل مذکورہ علاقے کے قریب ہی کانگریس کے امیدوار ہرمندر سنگھ جاسی نے مقامی ٹرک یونین سے ملاقات کی تھی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مقامی سیاستدانوں نے دھماکے سے کچھ دیر قبل کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک 9 سالہ بچہ بھی شامل ہے جبکہ 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی، جن میں سے 3 کے جسم 70 فیصد تک جھلس چکے ہیں۔بھارتی میڈیا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں کانگریس کے امیدوار کی گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ وہ خود بھی زخمی ہوئے تاہم اس بات کی تصدیق کیلئے کانگریس کے امیدوار سے رابطہ نہیں ہوسکا۔سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دھماکے کے مقام سے لوہے کے ٹکرے ملے ہیں جو مبینہ طور پر ایل پی جی سلنڈر یا پریشر ککر کے معلوم ہوتے ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو دھماکے کے بعد ہونے والی افراتفری کے باعث زخم آئے۔پولیس افسر نے بتایا کے دھماکے کے فوری بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا جبکہ تفتیش میں انٹیلی جنس ادارے بھی مدد فراہم کررہے ہیں