بھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزمالے نتیجہ وہ خود دیکھے گا، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی(ملت آن لائن)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنر آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ناکام ہوچکا ہے جب کہ بھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے پاکستان مخالف بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیرذمے دارانہ ہے، آرمی چیف فور اسٹار عہدے کا افسر ہوتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف ایک ذمے دارانہ تقرری ہوتی ہے، اس قسم کے غیر ذمے دار بیانات اہم عہدے والوں کو زیب نہیں دیتے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، بھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا جب کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم پاکستان کے خلاف کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر کا جواب دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ہمیں نشانہ بنارہا ہے لیکن اس میں بھی وہ ناکام ہوچکا ہے اور اگر بھارت روایتی جنگ کے ذریعے ہم پر بھاری ہوسکتا تو اب تک ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیشہ وارانہ فوج، ذمہ دار جوہری ریاست اور تحمل کرنے والی قوم ہیں اور پاکستان کی جوہری صلاحیت مشرق کی طرف سے آنے والے خطرات کیلیے ہے جب کہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت بھارت کو حملہ کرنے سے روک رہی ہے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے اور ایسے بیانات ان کے منصب کو زیب نہیں دیتا جب کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان جوہری ٹاکرے کی دعوت دینا ہے اور اگر بھارت ہمارے عزم کی آزمائش چاہتا ہے تو اسے خوش آمدید کہتے ہیں، بھارتی آرمی چیف کی خوش فہمی باآسانی دور کر دیں گے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پاکستان کو تکلیف کا احساس دلانا ہماری پالیسی ہے، بھارتی آرمی چیف
واضح رہے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے پاکستان مخالف بیان میں کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کو ٹشو پیپر کے طور پر استعمال کرکے پھینک دیتا ہے لیکن بھارتی فوج نے ہمیشہ اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان کو بھی تکلیف کا احساس دلایا جاتا رہے۔