تخت لاہور کی جنگ: سعد رفیق، کپتان کا مقابلہ کرنے سے کترانے لگے
لاہور: (ملت آن لائن) لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 سے سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکسان مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق عمران خان کے مقابلے سے کترانے لگے، پارٹی ذرائع کے مطابق، خواجہ سعد نے ایاز صادق کا متبادل نام پیش کر دیا۔
دوسری جانب سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی پی ٹی آئی رہنما علیم خان سے مقابلے میں تذبذب کا شکار ہیں۔ این اے 124 میں لیگی رہنما حمزہ شہباز کے دبدبہ کے باعث تحریک انصاف کا کوئی امیدوار میدان میں آنے کو تیار نہیں، ولید اقبال صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں۔ اسی طرح این اے 125 میں ڈاکٹر یاسمین راشد کے مقابلے میں مریم نواز کی جگہ ایاز صادق کے میدان میں اترنے کا امکان ہے، مریم نواز این اے 127 سے معرکہ سر کرنے کی امیدوار ہیں۔ شہباز شریف قومی کی ایک نشست جبکہ 3 صوبائی نشستوں سے لڑیں گے۔
این اے 134 میں پی ٹی آئی کے ظہیر عباس کھوکھر، شہباز شریف کے مد مقابل ہوں گے۔ شاہدرہ کے حلقہ این اے 123 میں ن لیگ کے ملک ریاض اور پی ٹی آئی کے مہر واجد عظیم آمنے سامنے ہوں گے۔ ن لیگ کے پرویز ملک اور پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ این اے 127 میں قسمت آزمائی کا امکان ہے۔
این اے 128 سے ن لیگ کے شیخ روحیل اصغر کا مقابلہ پی ٹی آئی کے اعجاز ڈیال کریں گے، این اے 130 پر پی ٹی آئی کے شفقت محمود کا مقابلہ ن لیگ کے خواجہ احمد حسان سے ہوگا۔ این اے 133 سے ن لیگ کے زعیم قادری اور پی ٹی آئی کے اعجاز چودھری مدمقابل ہوں گے۔
ن لیگ کے سیف الملوک کھوکھر اور پی ٹی آئی کے کرامت کھوکھر این اے 135 میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے، این اے 136 پر افضل کھوکھر ن لیگ کی جانب سے، خالد گجر پی ٹی آئی کی جانب سے قسمت آزمائی کریں گے۔ این اے 135 اور این اے 136 سے ن لیگ نے دو بھائیوں کو ٹکٹ جاری کئے جانے کا امکان ہے۔