خبرنامہ

ججز بغض سے بھرے ہوئے ہیں،فیصلے میں آئے الفاظ تاریخ کا سیاہ باب بنیں گے: نواز شریف

ججز بغض سے بھرے ہوئے ہیں، نواز شریف
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ججز بغض سے بھرے ہوئے ہیں۔ نیب ریفرنسز کے سماعت کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ججز بغض سے بھرے پڑے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے کل پاناما کیس میں نواز شریف کی نظر ثانی درخواست کو مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ جج صاحبان بغض سے بھرے بیٹھے ہیں اور کل سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں ججز کا غصہ اور بغض ان کے الفاظ میں ڈھل کر سامنے آگیا ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ سارا بغض، غصہ اور الفاظ تاریخ کا سیاہ باب بنیں گے، پچھلے 70 سال میں جب بھی آمر آئے تو ہماری عدلیہ نے کئی سیاہ باب لکھے ہیں، جب کہ آج کا فیصلہ بھی تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔ قبل ازیں احتساب عدالت کے روبرو نواز شریف نے کہا کہ ان پر عائد تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور نیب ریفرنسز بدنیتی و سیاسی انتقام کیلئے بنائے گئے ہیں جب کہ ہمیں فیئر ٹرائل کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔