اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے یوم دستور پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین متحد اور مضبوط وفاق کی بنیاد فراہم کرتا ہے‘ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لئے قوم کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ آئین عوام کے بنیادی حقوق کا بلا امتیاز تحفظ کرتا ہے‘ ہماری ذمہ داری ہے کہ آئین پاکستان کے خلاف کسی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیں۔ پیر کو یوم دستور پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن آئین کے لئے عوام اور رہنماؤں کی انتھک کوششوں کی یاد دلاتا ہے۔ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لئے قوم کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ آئین عوام کے بنیادی حقوق کا بلا امتیاز تحفظ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین متحد اور مضبوط وفاق کی بنیاد فراہم کرتا ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ آئین پاکستان کے خلاف کسی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیں۔ یوم دستور منانے کی روایت آئین کی بالادستی کی تجدید ہے۔ یوم دستور سے آنے والی نسلوں کو جمہوریت اور جمہوری طرز حکومت سے آگاہی ہوگی۔ وزیراعظم نے آئین کے تحت عوام کے حقوق کے لئے کوششوں پر سینٹ کو مبارکباد دی۔ (ن غ)