خبرنامہ

جنرل زبیر محمود نے چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

راولپنڈی:(ملت+اے پی پی) جنرل زبیر محمود حیات نے جنرل راشد محمود کی جگہ چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے کا جارچ سنبھال لیا ہے۔ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ہونے والی تقریب میں ریٹائر ہونے والے جنرل راشد محمود نے نئے نامزد کردہ چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو علامتی چھڑی تھمائی۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور اعلی عسکری حکام بھی موجود تھے۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے ریٹائر اور نئے آنے والے چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنرل زبیرمحمودحیات نے 24 اکتوبر 1980 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ اُن کا تعلق آرٹلری رجمنٹ سے ہے۔ جنرل زبیر حیات فورڈسل اوکلاہامہ امریکا کے فارغ التحصیل ہیں، انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کیمبرلے برطانیہ سے ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ جنرل زبیرحیات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے بھی گریجوایٹ ہیں۔ جنرل زبیر حیات کو کمانڈ اسٹاف اور انسٹریکشنل پوسٹوں پر کام کا وسیع تجربہ ہے، وہ بطور بریگیڈیئر انفینٹری ڈویژن کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔ جنرل زبیر حیات کور ون کے چیف آف اسٹاف بھی رہے جب کہ ڈی جی اسٹریٹجک پلان ڈویژن کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے پر تقرری سے پہلے وہ جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائزتھے۔ ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ اور ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کو براہ راست چیف آف جنرل اسٹاف ہی ہیڈ کرتا ہے۔