خبرنامہ

نئےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

اسلام آباد:(ملت نیوز) سبکدوش آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے پاک فوج کی کمان جنرل قمر جاوید باجوہ کے سپرد کردی۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کی کمانڈ میں تبدیلی کی پروقار تقریب جاری ہے جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ذکا اللہ، ایئر فورس چیف سہیل امان اور پاک فوج کے کور کمانڈرز سمیت اعلیٰ ترین افسران کے علاوہ وفاقی وزرا خواجہ آصف،عبدالقادر بلوچ ،مریم اورنگزیب سمیت دیگر پارلیمینٹرینز، غیر ملکی سفرا اور سفارت خانوں میں تعینات ملٹری اتاشی نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل راحیل شریف اور کمان سنبھالنے والے جنرل قمر جاوید باجوہ کو سلامی پیش کی۔ جس کے بعد جنرل راحیل شریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ نےگارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ گارڈ آف آنر میں این ایل آئی، فر نٹیئر فورس اور سندھ رجمنٹ کےجوان شامل تھے۔ پاک فوج کی کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج کی قیادت بہت بڑا اعزازتھا، وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ انہیں دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کا اعزاز بخشا، انہوں نے ہر فیصلہ کرتے ہوئے قومی مفاد کو ترجیح دی اور قومی مقاصدحاصل کرنے کے لئے اپنی اور فوج کی صلاحیتیں بروئے کار لایا۔ بلوچستان اور کراچی میں امن کا قیام ہو یا سی پیک ہرجگہ کامیابی حاصل کی، پاک فوج نے ضرب عضب میں وہ معیار قائم کئےجن کی مثال عصرحاضرمیں نہیں ملتی، اس کامیاب سفر میں رینجرز،پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نےاہم کرداراداکیا۔ تقریب سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل راحیل شریف نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدا کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ جنرل راحیل شریف کو پاک فوج کے اعزازی دستے نے سلامی دی۔ پاک فوج کی کمانڈ کی تقریب کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، جی ایچ کیو کے قریب واقع سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں تعطیل ہے، مال روڈ اور ملحقہ شاہراہوں کو آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا تھا جب کہ بلند عمارتوں پر فوجی جوان تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ کئی علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔ جنرل راحیل شریف ریٹائر ہوگئے ہیں ، صدر ممنون حسین نے 26 نومبر کو وزیراعظم نواز شریف کی تجویز پر لیفٹننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دی تھی۔ جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف مقرر کیا گیا ہے۔