خبرنامہ

جو ووٹ کو عزت نہ دے ہم اس کی عزت نہیں کریں گے: نوازشریف

جو ووٹ کو عزت نہ دے ہم اس کی عزت نہیں کریں گے: نوازشریف

کوٹ مومن:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جو ووٹ کو عزت نہ دے ہم اس کی عزت نہیں کریں گے۔کوٹ مومن میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے بڑے بڑے وکیلوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ایک اقامے کی بنیاد پر نکالنے کا فیصلہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے نکال رہے ہیں، مانتے ہیں کہ کوئی کرپشن نہیں ہے، نہ نواز شریف نے کوئی ٹھیکہ لیا ہے، اگر نوازشریف نے کرپشن نہیں کی تو کیوں نکالا؟ اتنی بڑی نا انصافیاں کیوں ہورہی ہیں؟ کیا سرکاری خزانے میں کوئی خرد برد کی تھی؟ (ن) لیگ کے قائد کا کہنا تھا کہ خود درخواست دائر کرنے والے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ کمزور ہے، بتائیں اب اس فیصلے کی کیا حیثیت ہے، وزیراعظم ہاؤس سے نکالا، وہاں بھی نہیں رکے، اسی فیصلے کی بنا پر (ن) لیگ کی صدارت سے ہٹادیا۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ پہلے فیصلے کی وجہ سے پاکستان کے کروڑوں ووٹروں کی توہین ہوئی، ان کا ووٹ پانچ بندے پھاڑ کر پھینک دیں، کروڑوں ووٹوں کی کوئی پرواہ نہیں، پوچھتا ہوں آپ کے ووٹ کی پاکستان میں عزت ہونی چاہیے یا نہیں، ووٹ کو عزت دو، قوم نے فیصلہ کرلیا ہے جو ووٹ کو عزت نہ دے ہم اس کی عزت نہیں کریں گے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے قدم بڑھادیا ہے، آپ نے میرے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے، پاکستان مصیبتوں سے باہر نکلے گا اور خوشحالی کی ڈگر پر آئے گا، آج لوڈشیڈنگ دم توڑ رہی ہے، کہا تھا دہشت گردی ختم کریں گے اور کرکے دکھائی۔ نوازشریف نے کہا آج پھر ملک میں حالات خراب کرنے اور اسے پیچھے کی طرف موڑنے کی کوشش ہورہی ہے، جو سلوک پاکستان کے ساتھ ہورہا ہے وہ بہت زیادتی ہے، شاہد خاقان عباسی کا اس میں کوئی قصور نہیں، قصور ان کا ہے جنہوں نے فیصلہ سنایا اور ملک کو انتشار کا شکار کردیا۔
(ن) لیگ کے قائد نے مزید کہا کہ مجھے صدارت سے ہٹادیا، کیا آپ کو یہ فیصلہ منظور ہے؟ یہ معاملہ دھاندلی کی طرف جارہا ہے، سب سے بڑی جماعت کے ساتھ یہ سلوک ہورہا ہے، یقین ہے عوام اسے ناکام بنا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے محبت کرنے والا اور حق پر ڈٹنے والا انسان ہوں، پیچھے ہٹنے والا نہیں، آج پاکستان کے ساتھ جو چند لوگ سلوک کررہے ہیں وہ ہم روکیں گے اور ملک کو ڈگر پر لائیں گے۔ نوازشریف نے کہا کہ اب سوچا جارہا ہے نوازشریف کو سیاست سے آؤٹ کردو، یہ آوٹ کررہے ہیں اور عوام اِن کررہے ہیں، یہ سب کچھ جو نواز شریف اور (ن) لیگ کے خلاف ہورہا ہے یہ سب آپ کو قبول ہے؟ ہم نے اس کے خلاف لڑنا ہے، ہم یہ جنگ جیتیں گے، یہ جنگ جیتنا بہت ضروری ہے، یہ ملک کی سلامتی کی جنگ ہے، آپ میرا ساتھ دیں، جیسے پہلے وعدے پورے کیے آئندہ ساتھ مل کر تمام وعدے پورے کریں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ سفر تھوڑا مشکل ہے، میں بھی برداشت کررہا ہوں، عوام کو بھی میرے ساتھ تھوڑا برداشت کرنا پڑا تو کریں، ملک کو منزل تک پہنچانے کا یہی سفر ہے، اس میں ہم نے ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے، آج قوم تیار ہوتی نظر آرہی ہے۔