خبرنامہ

جیلیں، نااہلی، نظربندیاں، عدالتی مقدمات سب دیکھ لیے، انجام کی فکرنہیں، مقدمے سیاسی، دباؤ میں لانےکا حربہ ہیں۔ شہباز شریف سب سےزیادہ اہلیت کےحامل ہیں، اچھی قسمت تھی چھوٹی عمر میں شادی ہوئی، پارٹی قیادت سنبھالنے کا بیان مجھ سے غلط منسوب کیا گیا، نواز شریف ہی پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے،مریم نواز شریف

جیلیں، نااہلی، نظربندیاں، عدالتی مقدمات سب دیکھ لیے، انجام کی فکرنہیں، مقدمے سیاسی، دباؤ میں لانےکا حربہ ہیں۔شہباز شریف سب سےزیادہ اہلیت کےحامل ہیں، اچھی قسمت تھی چھوٹی عمر میں شادی ہوئی، پارٹی قیادت سنبھالنے کا بیان مجھ سے غلط منسوب کیا گیا، نواز شریف ہی پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے،مریم نواز شریف

لاہور(ملت آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے امریکی اخبار کی جانب سے ان کے بیان ’خاندان کا فیصلہ تھا کہ میں پارٹی سنبھالوں‘ سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیان مجھ سے غلط منسوب کیا گیا لہٰذا شریف خاندان میں ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا اس لیے نواز شریف ہی پارٹی کی قیادت کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

امریکی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں مریم نواز نے کہا کہ پارٹی یاخاندان میں اختلافات کی باتیں بے بنیادہیں، یہ منقسم گھرانہ نہیں، شریف فیملی خاندانی اقدار پر بہت فخر محسوس کرتی ہے۔

صحافی کے سوال پر کہ کیا شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ ملنی چاہیے؟ مریم نواز نے جواب دیا کہ شہباز شریف سب سےزیادہ اہلیت کےحامل ہیں اور وہ ان کے ہیروہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ زندگی سے بڑھ کر اپنے چچا کو چاہتی ہیں۔ وزیراعظم بننے کے سوال پر مریم نواز نے واضح جواب دینے سے گریز کیا کہ اور کہا کہ خاندان کا فیصلہ تھا کہ وہ پارٹی سنبھالیں۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھاکہ ان کی انتظامی اور سیاسی اہلیت کے ان کے دادا بھی قائل تھے، سب سے پہلے ان کے دادا نے انہیں خاندانی امور میں اہم مقام دیا اور دادا کے بعد اب والد نے بھی ان کی سیاسی قابلیت کو سراہا۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اُن کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ نوازشریف اپنی بیٹی کے مشورے اور تنقید خوش دلی اور تحمل سے سن لیتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جیلیں، نااہلی، نظربندیاں، عدالتی مقدمات سب دیکھ لیے، انجام کی فکرنہیں،کسی بھی چیز کو خاطر میں نہ لاکر وہ مقابلہ کررہی ہیں۔

(ن) لیگ کی رہنما کا کہنا تھا کہ مقدمے سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں جو انتقامی کارروائیوں اور دباؤ میں لانےکاحربہ ہیں جب کہ ان کے خلاف ثبوت ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ستمبرکے ضمنی الیکشن میں فتح دلیل ہےکہ عوام ہمارے ساتھ کھڑےہوں گے لہٰذا علم نہیں کل مقدر میں کیا ہو لیکن انہیں عوام تک جانا ہے۔

ذاتی زندگی سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ اچھی قسمت تھی کہ چھوٹی عمر میں شادی ہوئی، تمام وقت بچوں کی پرورش پر صرف کیا، اب ان کے پاس اپنے کام کے لیے زیادہ وقت ہے، بچےچھوٹےہوتےتو وہ ایسانہ کرپاتیں۔

دوسری جانب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ خاندان کے کہنے پر پارٹی قیادت سنبھالنے کا بیان مجھ سے غلط منسوب کیا گیا، شریف خاندان میں ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا۔

مریم نواز نے کہا کہ پارٹی قیادت کی خواہش مند نہیں، ورکر کے طور پر کام کرکے خوش ہوں، نواز شریف ہی پارٹی کی قیادت کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔