خبرنامہ

جے آئی ٹی کے 2 ارکان قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنے دوحا پہنچ گئے

اسلام آباد(ملت آن لائن)قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے پاناما جے آئی ٹی کے دو ارکان دوحا پہنچ گئے ہیں۔

پاناما پیپرز کی تحقیقات کرنے والی جےآئی ٹی میں شامل ایم آئی کے بریگیڈیئر کامران رشید اور نیب کے عرفان منگی پیر اور منگل کی درمیانی رات اسلام آباد سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے قطر کے دارالحکومت دوحا روانہ ہوئے۔ جہاں وہ قطری شہزادے حمد بن جاسم کا بیان ریکارڈ کریں گے۔
ایک اور ذرائع کے مطابق ملٹری انٹیلی جنس کے بریگیڈیئر نعمان سعید اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے عامرعزیز آج صبح امارات کی پرواز ای کے ۔615 سے روانہ ہوئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جے آئی ٹی ارکان دبئی پہنچ گئے ہیں جہاں سے وہ دوحہ جائیں گے۔
شہزادہ حمد بن جاسم کی جانب سے چند روز قبل بیان جاری ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ سپریم کورٹ میں ان کے پیش کردہ خط کے ہر لفظ کو ناقابل تنسیخ شہادتوں کے ذریعے درست ثابت کردیں گے۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی اس بات پر زور دیتے آئے ہیں کہ جے آئی ٹی قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرے دوسری صورت میں جے آئی ٹی کی رپورٹ مکمل تصور نہیں کی جائے گی۔
قطری شہزادے حماد بن جاسم اور پاناما جے آئی ٹی میں ایک اور رابطہ ہوا ہے جس میں شہزادے نے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی حامی بھر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق قطری شہزادے نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی میرے خط کی تصدیق کے لیے میری رہائش گاہ پر آ کر انٹرویو کرے خوش آمدید کہوں گا، جے آئی ٹی کو پہلے بھی خط کی تصدیق کر چکا ہوں اور اب بالمشافہ بھی تصدیق کرنے کو تیار ہوں۔
واضح رہے کہ پاناما جے آئی ٹی نے قطری شہزادے کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لئے 19 مئی کو خط لکھ کر 25 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم شہزادہ حماد بن جاسم نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔