خبرنامہ

حکومتی اقدامات کے باعث آئندہ چند ماہ شرح نمو میں مزید اضافہ ہوگا‘ وزیراعظم

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث آئندہ چند ماہ شرح نمو میں مزید اضافہ ہوگا‘ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے‘ عالمی تجارت میں خواتین کی شمولیت بڑھائی جارہی ہے‘ قومی ای کامرس پالیسی تشکیل دے رہے ہیں۔ جمعرات کو انٹرنیشنل ٹریڈ سنٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارنچا گونزالے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تجارت اور تکنیکی شعبوں میں تعاون پر آئی ٹی سی کے مشکور ہیں حکومتی اقدامات کے باعث آئندہ چند ماہ میں شرح نمو میں مزید اضافہ ہوگا۔ تجارت کے فروغ کے لئے عالمی تجارتی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ عالمی تجارت میں خواتین کی شمولیت بڑھائی جارہی ہے۔ قومی ای کامرس پالیسی تشکیل دے رہے ہیں۔ خزانہ تجارت اور آئی ٹی کے وزراء مل کر پالیسی تشکیل دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے معاشی استحکام کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ارنچا گونزالے نے کہا کہ پاکستان ترقی کررہا ہے اور معیشت مستحکم ہورہی ہے۔ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور سلامتی کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے سڑکوں اور مواصلات میں بھاری سرمایہ کاری کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی قلت پر قابو پانے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے حکومت کے بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات قابل تعریف ہیں۔ نیشنل ٹریڈ سنٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارنچا گونزالے کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے