خبرنامہ

حکومت کا محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (ملت آئی این پی) وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باضابطہ اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔ دوسری جانب محمد زبیر عمر کا کہنا تھا کہ سندھ بہت حساس صوبہ ہے اس میں مختلف زبان بولنے والے افراد رہتے ہیں جن کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اسی لیے کوشش کروں گا کہ سندھ سے متعلق جو ترجیحات ہوں ان پر پورا اتر سکوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال گزشتہ 20 ، 25 سال سے اچھی نہیں تھی جو ہماری حکومت میں کراچی آپریشن کے بعد بہتر ہوئی اور اب سب سے بڑا چیلنج شہر کو معاشی حب کی صورت میں واپس لانا ہے۔ واضح رہےکہ 14 سال تک سندھ کے گورنر رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو سندھ کا 31 واں گورنر مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے 11 نومبر 2016 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تاہم وہ خرابی صحت کی بنا پر زیادہ عرصے تک گورنر کی ذمہ داریاں نہ نبھاسکے اور 12 جنوری 2017 کو انتقال کرگئے۔