دفاع کونسل کا تحفظ ختم نبوت، القدس اور کشمیر کیلیے تحریک کا اعلان
راولپنڈی:(ملت آن لائن) دفاع پاکستان کونسل نے ختم نبوت کے تحفظ، ناموس رسالت، بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی کیلیے متفقہ طور پر ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنیکا اعلان کردیا ہے۔ گزشتہ روز راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام اجتماع ہوا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، جمعہ کا خطبہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے دیا۔ کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا حکمراں بیت المقدس کی آزادی کیلیے جہاد کا اعلان کریں، افسوس ہے مسلم حکمراں غیرت و حمیت کا مظاہرہ نہیں کر رہے، اسلام اور پاکستان کا تحفظ اللہ اکبر کے جذبہ سے ہوگا، ہم ملک کے کونے کونے میں جائیں گے۔ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ بیت المقدس، ناموس رسالت، ختم نبوت کے تحفظ اور آزادی کشمیر کیلیے ملک گیر تحریک چلائیں گے، ختم نبوت کے مسئلے کی بنیاد نواز شریف خود ہیں، وہ اپنی غلطی کا اعتراف کریں اور اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔ ملک گیر احتجاجی تحریک کے اعلان کے تحت 7 جنوری کو پشاور، 12 جنوری کو فیصل آباد میں جلسے، 13 جنوری کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس، 21 جنوری کو ملتان، 28 جنوری کو کراچی، 4 فروری کو اسلام آباد میں جلسے اور 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں بڑی کشمیر کانفرنس ہوگی۔