خبرنامہ

دھرنا از خود نوٹس؛ جب ریاست ختم ہوجائے گی تو قتل سڑکوں پر ہوں گے، سپریم کورٹ

دھرنا از خود نوٹس؛ جب ریاست ختم ہوجائے گی تو قتل سڑکوں پر ہوں گے، سپریم کورٹ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ کا 2 رکنی بینچ دھرنا ازخود نوٹس کیس کی سماعت کر رہا ہے جس میں وزارت داخلہ اور وزارت دفاع نےرپورٹس جمع کرادی ہیں۔
سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل 2 رکنی بینچ دھرنا ازخود نوٹس کیس کی سماعت کررہا ہے جس میں وزارت داخلہ اور وزارت دفاع نے اپنی رپورٹس جمع کرادی ہیں۔ سماعت کے دوران جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب کیا آپ نے رپورٹ کا جائزہ لیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ حکومت سمیت احتجاج والے بنیادی نکتہ مس کر رہے ہیں، کیا اسلام میں کوئی ڈنڈاہے، کیا قرآن مجید کا ترجمہ پڑھنا چھوڑ دیا ہے، اختلاف ہوتا ہے لیکن کیا عدالتیں بند ہو گئی ہیں، کل کو کوئی اور اپنے موقف منوانے کے لیے راستے بند کر دے گا، حضور نے فرمایا کسی پر مسکرانا صدقہ ہے مگر مجھے مسکراتی شخصیات نظر نہیں آتیں، گالی گلوچ کی زبان نظر آتی ہے، کیا معاشرہ ایسے چل سکتا ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ سب سے غلطی ہوتی ہے، مجھ سے جو غلطی ہو اس کا اعتراف کرتا ہوں، کوئی غیر شرعی بات ہے تو شرعی عدالت موجود ہے، کیا اسلام میں دو رائے ہو سکتی ہیں، کنٹینر کا خرچہ بھی عوام برداشت کر رہے ہیں جب کہ ایجنسیوں پر اتنا پیسہ خرچ ہوتا ہے، ان کا کردار کیا ہے، سمجھ نہیں آ رہا کیا کریں اسلام امن سے پھیلا ہے ڈنڈے سے نہیں۔
اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا کہ معاشرے اور ذہن کو ڈنڈے سے نہیں بدل سکتے جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اتحاد، ایمان، تنظیم کہیں نظر نہیں آ تا، جس کو مرضی گالی دے دو، اگر یہ اسلامی باتیں ہیں تو مجھے قائل کریں، پاکستان دلائل دے کر بنا، ڈنڈے کے زور پر اچھی بات بھی اچھی نہیں لگتی اور دین میں کوئی جبر نہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ دشمنوں کے لیے کام بہت آسان ہو گیا، وہ ہمارے گھر میں آگ لگائیں گے، کتنے دن سے لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے، جب ریاست ختم ہو جائے گی تو قتل سڑکوں پر ہوں گے، ہم تو تشدد کرنے کا نہیں کہیں گے، آرٹیکل 5 کو ہم نے نظر انداز کر دیا ہے، اگر آرٹیکل 5 کی پابندی نہیں کرنی تو پاکستان کی شہریت چھوڑ دیں۔