خبرنامہ

دہشتگردی کو کسی مذہب سے نہیں جوڑاجاسکتا؛ وزیرداخلہ

اسلام آباد(ملت +آئی این پی)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آزادی کی تحاریک کو دہشتگردی سے نہیں جوڑاجاسکتا،دہشتگردی کو کسی بھی مذہب سے نہیں جوڑاجاسکتا،امریکی صدر کے حالیہ آرڈر سے مسلم دنیا کو منفی پیغام گیا ہے،ہرداڑھی والے مرد اور ہرحجاب والی عورت کو ممکنہ دہشتگرد نہیں سمجھناچاہیے،پاکستان نے خطے میں سب سے زیادہ لچک کامظاہرہ کیا مسائل کاحل عزم میں ہی پوشیدہ ہے،جومذاکرات نہیں کرتے ان کا مقدمہ کمزور ہو جاتا ہے۔ جمعرات کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ سلامتی ایک کثیرالجہت مسئلہ ہے،سیکیورٹی کا یہ مطلب نہیں کہ سرحدوں کو بندکرکے آپ محفوظ ہوگئے ہیں۔ مغرب کے مقابلے میں جنوبی ایشیاء کی سیکیورٹی کے تقاضے مختلف ہیں،مسائل کاحل عزم میں ہی پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جومذاکرات نہیں کرتے ان کا مقدمہ کمزورہوتاہے،پاکستان نے خطے میں سب سے زیادہ لچک کامظاہرہ کیا،سیاست کوسلامتی کے ساتھ منسلک نہ کیاجائے،خطے میں سیاست کوسیکیورٹی سے منسلک کرنے کا رجحان ہے،آزادی کی تحاریک کو دہشتگردی سے نہیں جوڑاجاسکتا۔چوہدری نثارعلی خان نے کہاکہ بعض اوقات امن کیلئے کوششیں عالمی یاعلاقائی نہیں بلکہ ذاتی مفاد کیلئے کی جاتی ہیں،تعاون کا مطلب ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو بہترانداز میں سمجھنا ہے،لوگوں کیلئے ضوابط کے دوطریقے نہیں ہوسکتے،جوکسی ایک کیلئے اچھاہے وہ سب کیلئے بہترہے۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کوکسی بھی مذہب سے نہیں جوڑاجاسکتا،امریکی صدر کے حالیہ آرڈرسے مسلم دنیا کو منفی پیغام گیاہے،ہرداڑھی والے مرد اور ہرحجاب والی عورت کو ممکنہ دہشتگرد نہیں سمجھناچاہیے