خبرنامہ

دہشتگردی کی کمر توڑ دی ، سر بھی کچل دیں گے:‌وزیر اعظم نواز شریف

کویت سٹی (ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کمر توڑ دی ، سر بھی کچل دیں گے ،مخالفین نے پی ایس ایل پر سیاست کرنے کی کوشش کی ، تمام مخالفین اور سیاسی بیانا ت کے باوجود پی ایس ایل فائنل کامیابی سے کرایا ، سپر لیگ نے پاکستانیوں کو ایک دوسرے سے قریب کر دیا ہے ،2018سے پاکستان میں سستی بجلی فراہم کی جائے گی، سی پیک کے تحت منصوبوں کی برق رفتار تکمیل کا چینی دوست بھی اعتراف کر رہے ہیں ، د ہشت گردی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا ، ملک بھر میں موٹرویز اور شاہرات کا جال بچھایا جارہا ہے ، پہلی بار بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی کم ہو ا ہے ، آمریت کے دور میں ملکی حالات دیکھ کر دکھ ہوتا تھا ،90کی دہائی کے ترقیاتی کام جاری رہتے تو آج پاکستان ایشین ٹائیگر ہوتا ۔ وہ پیر کو یہاں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے مل کر بہت خوشی ہو رہی ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو بہت سے چیلنجز درپیش تھے ، الحمد اللہ آج پاکستان کے حالات بہت بہتر ہیں ،پاکستان خوشحالی کی جانب بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے وقت کویت کا ساتھ دینے پر بہت سی سیاسی جماعتوں نے مخالفت کی ، پاکستان نے عراق سے جنگ میں کویت کی بہت مدد کی ، جنگ کے بعد پاکستان اور کویت کے درمیان مستحکم تعلقات استوار ہوئے ۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے بارے میں امیر کویت سے بات کریں گے ۔انہوں نے کہا 90کی دہائی کے ترقیاتی کام جاری رہتے تو آج پاکستان ایشین ٹائیگر ہوتا ، اپنے پہلے دور حکومت میں پاکستان کو ترقی کی بہت سی راہیں دکھائیں ، معاشی ترقی کے لئے گرین چیلنجز بنائے ، تاجروں کو مراعات دیں تاہم آمریت کے دور میں ملک کے حالات بدسے بدتر ہوتے گئے ، آمرانہ دور میں ملکی حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوتا تھا ، سات سال تک جلاوطنی کاٹی ، اسباب کا آج تک علم نہیں ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے خود انحصاری کی حکمت عملی پر یقین رکھتے ہیں ۔ توانائی کا بحران ہنگامی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں ، بجلی کی لوڈشیڈنگ پر ہونے والے ہنگامے ختم ہوگئے ہیں ، پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں ، سی پیک میں 50ارب ڈالر مالیت کے منصوبے شروع ہو چکے ہیں ، ملک بھر میں موٹرویز اور شاہرات کا جال بچھایا جا رہا ہے ، موٹرویز اور شاہرات کی تکمیل سے دنوں کا سفر گھنٹوں تک تبدیل ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بروقت توجہ دی جاتی تو کبھی بھی توانائی بحران کا سامنا نہ ہوتا ، آج ملک میں ایل این جی سے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں ، کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبے مکمل ہونے والے ہیں ، گزشتہ ڈیڑھ سال کی قلیل مدت میں بہت سے ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے کو ہیں ، منصوبوں کی برق رفتار تکمیل کا چینی دوست بھی اعتراف کر رہے ہیں ، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا کامیاب انعقاد پاکستان میں کرکٹ کی جیت ہے ، پی ایس ایل فائنل نے پاکستانیوں کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2018سے پاکستان میں سستی بجلی فراہم کی جائے گی ، آج پاکستان سٹاک ایکس چینج کا شمار دنیا کی بہترین مارکیٹس میں ہوتا ہے ۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج دنیا میں پانچویں اور ایشیا میں پہلے نمبر پر ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے پی ایس ایل پر سیاست کرنے کی کوشش کی جس مقصد کیلئے لاہور میں فائنل کے انعقاد کی مخالفت کی گئی تمام مخالفین اور سیاسی بیانات کے باوجود پی ایس ایل فائنل کامیابی سے کرایا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت سی قربانیاں دی ہیں ، دہشت گردی کی کمر توڑ دی سر بھی کچل دیں گے ، دہشت گردی کے اکا دکا واقعات ختم ہونے میں کچھ وقت لگے گا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے ملکی صنعت کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور سستی بجلی کی فراہمی ترجیحات ہیں ، مشن ہے کہ کاشتکاروں ، صنعتکاروں اور گھریلو صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا ، لاہور ایئر پورٹ کی توسیع کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ، اسلام آباد میں نیا ایئرپورٹ مکمل ہونے کے قریب ہے ، نئے سال کے آغاز میں لاہور ، ملتان موٹروے منصوبہ مکمل ہو جائے گا ، اگلے چند ماہ کے دورنا سکھر ، حیدر آباد موٹروے منصوبہ بھی مکمل ہو جائے گا ۔سی پیک کے تحت میر پور سے مظفر آباد تک ایکسپریس وے بنایا جا رہا ہے ، موٹرویز کے ساتھ ساتھ ریلویز کی بھی اپ گریڈیشن کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث معاشی ترقی رکنے سے بیروزگاری بڑھی ، پہلی بار بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی کم ہو اہے ۔ (ار+ن م)